کاروار؍منگلورو:11؍جنوری (ایس اؤ نیوز) ریاست میں برڈ فلو کو لےکر تشویش کی لہر جاری رہتے ساحلی کرناٹکا کے منگلورو اور کاروار میں کوؤوں کی موت سے عوام مزید خوف و دہشت میں مبتلا ہوگئےہیں۔
پیر کی صبح منگلور کے نواحی علاقے وامنجور پنچناڈی میں تین کوےّ مردہ حالت میں پائے گئے ہیں تو اتوار کی علی الصبح کاروار شہر کے لندن برج کے قریب والی قومی شاہراہ پر بڑے جسامت والے دو کوے (چیل بھی ہوسکتے ہیں ) مردہ حالت میں اور دو کوے نیم مردہ حالت میں پائے جانے سے عوامی سطح پرتشویش پائی جارہی ہے۔ لیکن ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ ان پرندوں کی موت کی اصل وجہ کیا ہے۔
کاروار میں مردہ حالت میں پائے جانے والے کووں کے متعلق اس بات کا شبہ بھی جتایا جارہاہےکہ دو پرندے آپس میں بھڑتےہوئے ایک دوسرے کو ٹھونگ مار کر بھی ہلاک ہوسکتے ہیں۔
چونکہ اس وقت برڈ فلو کا خوف عوام کے دلوں میں گھر کر گیا ہے ایسے میں ان پرندوں کی موت عوام میں فطری طورپر ڈر پیدا کررہی ہے۔ کچھ ہی دن پہلے دیوباغ علاقے میں بھی مردہ کوے پائے گئے تھے لیکن جانچ کے بعد پتہ چلا تھا کہ اُن دونوں کووں کی موت کی فطری تھی، جس پر عوام نے راحت کی سانس لی تھی ۔ اب پھر اس طرح پرندوں کی ہلاکت سے عوام پیچیدگی کا شکار ہوئےہیں۔ عوام نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہےکہ اس سلسلے میں پرندوں کی ٹھیک طرح سےجانچ کریں ،تاکہ کوئی شک و شبہ باقی نہ رہے۔
اُدھر مینگلور سے ملی اطلاع کے مطابق منگلورو کے نواحی علاقے واممنجور پچناڑی کے قریب شمشان جانے والی سڑک پر تین کوّے مردہ حالت میں پائے گئےہیں۔ پیر کی صبح عوام نے مردہ کوؤوں کو دیکھا تو متعلقہ محکمہ کے افسران کو اطلاع دی۔ محکمہ صحت عامہ کے افسران نے جائے وقوع کا دورہ کرتےہوئے مردہ کوؤوں کے جسم سے سیمپل لے کر جانچ کے لئے بھیج دیا ہے۔